نیوکلیئر سکیورٹی انڈیکس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جوہری مواد کی حفاظت میں پاکستان نے بھارت، ایران سمیت کئی ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔جوہری مواد کی حفاظت میں پاکستان کا نمبر 19 ہے جبکہ پاکستان کے جوہری مواد کی حفاظت میں مزید تین پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جسکے بعد یہ اسکور 49 پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب بھارت کے جوہری مواد کی حفاظت کے پوائنٹس کا اسکور بدستور 40 ہے۔جوہری سہولیات کی حفاظت میں بھی پاکستان نے بھارت، ایران، میکسیکو، جنوبی افریقہ، مصر سمیت کئی ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور جوہری سہولیات کی حفاظت میں پاکستان روس اور اسرائیل کے ساتھ 32 نمبر پر ہے۔
نیوکلیئر سکیورٹی انڈیکس کے مطابق جوہری سہولیات کی حفاظت میں پاکستان کا اسکور 61 جبکہ بھارت کا 52 ہے۔یعنی پاکستانی حکومت غافل نہیں ہے بلکہ اپنی جوہری زمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کر رہی ہے جبکہ کئی ملک دشمن عناصر خواہ وہ پاکستان کے اندر ہوں یا باہر مسلسل یہ پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں کہ پاکستان کا جوہری پروگرام غیر محفوظ ہے۔ ظاہر ہے اس کا مقصد ملکی سالمیت کو داؤ پر لگانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ جبکہ متعلقہ ادارے کی رپورٹ یہ واضح اشارہ ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور ان سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور پاکستان تمام عالمی معاہدوں کی پاسداری کر رہا ہے ۔