ایڈیٹر : سید بدر سعید

ایڈیٹر : سید بدر سعید

بھولا بادشاہ

بھولا صرف نام کا بھولا تھا ورنہ شہر کے کئی اشتہاری اس کے ڈیرے پر پلتے تھے۔ یہ ڈیرہ شہر کے گنجان آباد لیکن قدرے بدنام علاقے میں اب بھی موجود ہے۔ اب کا معلوم نہیں لیکن جب میں پہلی مرتبہ اس ڈیرے پر گیا تب وہاں قانون سے بچنے والوں کو نہ صرف پناہ دی جاتی تھی بلکہ قانون کے بعض محافظ بھی وہیں آکر انگور کی بیٹی سے جی بہلاتے تھے۔بھولے نے پولیس اور اشتہاریوں دونوں ہی کو اپنا احسان مند بنا رکھا تھا اور دونوں سے ہی اپنے مفادات کے لیے کام لیتا تھا۔ اس علاقے کے تھانیدار کو واردات سے قبل ہی معلوم ہوتا تھا بھولے کے ساتھیوں کا ”روٹ“ کیا ہوگا اور کہاں کہاں پولیس اہلکار موجود نہیں ہونا چاہیے۔ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھی بلکہ علاقے کے لوگوں کو بھی اس کا علم تھا۔
بھولا ایک ڈیرے دار بدمعاش تھا۔ اس کے ڈیرے پر جوئے کی بازیاں لگتیں اور جواری روپے پیسے، گھر اور زمینوں کے ساتھ ساتھ اپنی بیوی اور بیٹیاں بھی جوئے میں ہار کر سر جھکائے واپس چلے جاتے۔ اسی طرح یہاں ڈرموں میں دیسی شراب پانی کی طرح پی جاتی تھی۔ بھولے کے ماتحت شوقیہ یا مجبوراً مجرمانہ زندگی اختیار کرنے والے نوجوان سر شام ہی نکل کھڑے ہوتے اور آدھی رات کے بعد لُوٹ کا مال اسی ڈیرے پر لاکر بھولے کے قدموں میں ڈھیر کردیتے۔ وہ لُوٹ مار کے مال میں سے لڑکوں کو کچھ نہ کچھ انعام دیتا اور باقی مال بھولے کی ملکیت سمجھی جاتی۔ اس کے بدلے یہ لڑکے نہ صرف گرفتاری سے بچ جاتے بلکہ ڈیرے پر آنے والے اسلحہ میں سے بہترین ہتھیار بھی انہیں دئیے جاتے۔ کئی لڑکے گھر بار چھوڑ کر اسی ڈیرے کے ہوگئے تھے۔ وہ دن بھر اونگتے رہتے یا تاش کھیلتے نظر آتے۔ ان کے اپنے کھانے اور ”پینے“ کا بندوبست ڈیرے پر ہوتا تھا اور یہی لوگ ڈیرے کی رونق تھے جبکہ کالج اور یونیورسٹی کے کچھ طالب علم صرف دن میں کسی وقت چکر لگا کر خودکو بھولے کا ساتھی قرار دیتے اور شوقیہ طور پر ایک آدھ واردات میں شامل ہوکر اپنے آپ کو شہر کا دادا سمجھنے لگتے۔
میں پہلی مرتبہ بھولے کے ڈیرے پر گیا تو میرے ذہن میں کئی خدشات پل رہے تھے۔ اس ڈیرے سے وابستہ سنی سنائی متعدد کہانیاں میرے سامنے آرہی تھیں۔ مشہور تھا کہ یہاں پولیس اور صحافیوں کو دیکھتے ہی گولی مار دی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود اپنے ایک فیچر کے سلسلے میں مجھے وہاں جانا ہی تھا۔ کرائم رپورٹنگ کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ پولیس کے ساتھ ساتھ زیر زمین جرائم پیشہ افراد سے بھی جان پہچان ہوجاتی ہے۔ میں نے بھی ایک ”ذرائع“ کو درمیان میں ڈال کر بھولے کے ڈیرے تک رسائی حاصل کی تھی۔ جب میں ڈیرے پر پہنچا تو میرا سامنا ڈیرے پر موجود مفت خوروں سے ہوا۔ یہ ایک قسم کے باڈی گارڈ بھی تھے۔ میں نے انہیں اپنا کارڈ تھمایا اور بھولے سے ملاقات کا کہا۔ ایک شخص کارڈ لے کر اندر چلا گیا جبکہ وسیع صحن میں بیٹھے دیگر مسلح افراد مجھے خونخوار نظروں سے گھورنے لگے۔ تھوڑی دیر بعد بھولا خود باہر صحن میں آیا اور ہاتھ پکڑ کر اندر لے گیا۔ بھولے کے باہر آنے سے وہاں موجود افراد کے چہروں کے تاثرات بھی بدل گئے۔ اس ملاقات میں بھولا مجھے ان باتوں کے برعکس نظر آیا جو اس کے حوالے سے مشہور تھیں۔ وہ قاتل، ڈکیت، جواری اور جانے کیا کچھ تھا لیکن میرے ساتھ اس کا برتاؤ ایک دوست کا سا تھا۔ میں نے اسے اپنی مجبوری بتائی اور کہا کہ میں اس ڈیرے کی تصاویر بنانا چاہتا ہوں لیکن اگر وہ چاہے تو نام اور مقام واضح نہیں کروں گا۔ بھولے نے اطمینان سے میری بات سُنی اور پھر قہقہہ لگاتے ہوئے کہنے لگا۔ ”شاہ! تم چاہے تصویریں بناؤ اور جو چاہے پوچھو۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں جو کچھ تم اخبار میں چھاپو گے اس سے زیادہ میرے بارے میں پولیس کی فائلوں میں موجود ہے۔ وہ کچھ دیر خاموش ہوا اور پھر کہنے لگا: اچھا ہے علاقے کے لوگوں پر اور بھی رُعب پڑے گا البتہ یہ خیال رکھنا کہ یہاں کچھ ایسے لوگ بھی موجود ہیں جن کی تصویر تمہارے پاس بھی نہیں ہونی چاہیے۔ ہمارے اپنے معاملات ہیں اور میں نہیں چاہتا ابھی پولیس یا کسی اور بدمعاش کو ان کی یہاں موجودگی کا علم ہو۔ میں نے اثبات میں سرہلاکر اس بات کا خیال رکھنے کا وعدہ کرلیا۔ اس نے بات مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا: اس کے علاوہ میری دوسری شرط یہ ہے کہ تم تصویریں چھاپنے سے پہلے مجھے دکھاؤ گے اور اگر میں نے کوئی تصویر چھاپنے سے منع کیا تو تم وہ تصویر نہیں چھاپو گے۔“ میں نے اس کی دوسری شرط بھی تسلیم کرلی کیونکہ اس کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا۔
مجھے اعتراف ہے کہ میں نے بھولے کی دونوں شرائط پر عمل کیا تھا۔ اس کے بعد میری متعدد بار اس سے ملاقاتیں ہوئیں اور مجھے اس کے ڈیرے سے زیرزمین دنیا کی متعدد خبریں ملیں۔
ایک شام میں اسی ڈیرے پر بھولے کے ساتھ بیٹھا تھا۔ دو روز قبل اس کا ایک اہم ساتھی کسی مقابلے میں مارا گیا تھا۔ رسم دنیا کو نبھاتے ہوئے میں اس کی تعزیت کے لیے گیا تھا۔ گفتگو کا رُخ جانے کہاں سے ہوتا ہوا بھولے تک آگیا۔ میں نے اس کے ساتھی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ آخر اس زندگی کا کیا فائدہ جس میں لوگوں کی بددعائیں اور دشمنوں کی گولیاں انسان کا پیچھا کرتی رہیں۔ بھولے کا کہنا تھا کہ کوئی بھی اپنے شوق سے بدمعاش نہیں بنتا۔ میں نے اختلاف کرتے ہوئے کہا،کم ازکم تمہارے ڈیرے کے معاملات دیکھتے ہوئے یہی لگتا ہے کہ تم نے اپنی مرضی سے اس دنیا کا انتخاب کیا ہے۔ میں نے یہ بھی کہہ دیا کہ تم نے شاید ہی زندگی میں کبھی حق ملال کی روزی کمانے کی کوشش کی ہو اس لیے تمہیں یہ علم ہی نہیں ہوگا کہ ان چند روپوؤں میں کتنا سکون ہوتا ہے۔ میرے اسی طعنے پر بھولے نے اپنی زندگی کے وراق اُلٹنے شروع کیے اور ایک نئی داستان سامنے آئی۔
بھولے کاتعلق انتہائی غریب گھرانے سے تھا۔ اس نے زندگی بھر سکول کی شکل نہ دیکھی۔ اگر کوئی اسے مفت پڑھانے کا کہتا تب بھی اس کے لیے سکول جانا ممکن نہ تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ روٹی کھانے کے لیے اسے گاڑیوں کی ایک ورکشاپ پر کام کرنا پڑتا تھا۔ چرس کے نشے نے اس کے باپ کو ہڈیوں کے ڈھانچے میں تبدیل کردیا تھا جبکہ بوڑھی ماں اور بہن لوگوں کے گھروں میں کام کرتی تھیں۔ اس کے باوجود بھولا اگر ورکشاپ میں دیہاڑی نہ لگاتا تو ان کے گھر کا چولہا نہیں جلتا تھا۔ اُستاد کی جھڑکیاں اور مارپیٹ بھولے کی زندگی کا معمول تھا۔ وہ ورکشاپ میں سلنسر دھونے اورپنکچر لگانے کا کام کرتا تھا۔ اس کے علاوہ استاد کے ”ہیلپر“ کے طور پر بھی کام کرتا تھا۔ اُستاد کی جھڑکیاں تو بھولے کی زندگی کا حصّہ تھیں لیکن ایک روز اُستاد کی گالیاں آرام سے سُنتے دیکھ کر پنکچر لگوانے والے ایک بابا جی نے بھی کسی بات پر مشتعل ہوکر بھولے کو ماں بہن کی گالیاں بکنا شروع کردیں اور ایک آدھ تھپڑ بھی رسید کردیا۔ ان دنوں بھولے کی بہن کی شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں۔ سُسرال والوں نے جہیز کی جو لسٹ تھمائی وہ بھولے کی طاقت سے باہر تھی اور صورت حال چلّا چلّا کر کہہ رہی تھی کہ اس بار بھی اس کی بہن کا رشتہ ٹوٹ جائے گا۔ بھولا انہی مسائل میں اُلجھا ہوا تھا جب بابا جی نے اسے ماں بہن کی گالیاں بکتے ہوئے تھپڑ رسید کیا۔ جانے کیا ہوا کہ بھولے کی آنکھوں میں خون اُتر آیا۔ اس نے سامنے پھلوں کی ریڑھی سے چھری اُٹھائی اور پوری طاقت سے گالیاں بکنے والے کے پیٹ میں گھونپ دی۔ بوڑھا شخص اس اچانک حملے میں سنبھل نہ سکا اور وہیں دم توڑ گیا۔ بھولے نے خون آلود چھری ہاتھ میں پکڑی اور اسی بازار سے ”جگا ٹیکس“ لینا شروع کردیا۔ بوڑھے کی لاش سڑک پر پڑی تھی اور خون آلود لباس میں چھری اُٹھائے بھولے کی آنکھوں میں بھی خون اُترا ہوا تھا۔ لہٰذا خوفزدہ دکانداروں نے خاموشی سے بھولے کو رقم دینی شروع کردی۔ انہیں یہ خوف بھی لاحق تھا کہ جس بھولے کو وہ کافی عرصہ سے دھتکارتے چلے آرہے تھے کہیں وہ کسی پرانی بات کو یاد کرکے انہیں بھی بوڑھے کے پاس نہ بھجوا دے۔ بھولے نے عالم دیوانگی میں پورے بازار سے رقم سمیٹی اور گھر چلا گیا۔ دکانداروں میں سے کسی کو جرأت نہ تھی کہ وہ معمولی رقم کی وجہ سے بھولے کی دشمنی مول لیں کیونکہ اس جیسے چند اور دھتکارے ہوئے لڑکے بھی اب ”بھولے کے یار ہیں“ کے نعرے لگا رہے تھے۔ دکانداروں نے تو لب سی لیے لیکن بوڑھے کے وارثوں نے بھولے کو جیل کی سلاخوں کی دوسری جانب پہنچا دیا۔ دوسری جانب بھولے کے دوست نے اس کے نام پر ”جگا ٹیکس“ لینا شروع کردیا۔ اس کاکہنا تھا کہ اسے بھولے نے یہ ذمہ داری سونپی ہے۔ اسی ”جگے ٹیکس“ کی مہربانی سے بھولے کی ضمانت ہوئی۔ وہ علاقے سے ”جگا ٹیکس“ لیتا رہا اور اپنے مقدمے پر رقم پانی کی طرح بہاتا رہا۔ دوسری جانب اس کے دوستوں نے بوڑھے کے وارثوں کو بھی قتل کی دھمکیاں دینی شروع کردیں۔ اس کے علاوہ علاقے میں کوئی ایک بھی شخص قاتل کے خلاف گواہی دینے پر آمادہ نہ تھا۔ تھانیدار کو بھی اس کا ”حصّہ“ باقاعدگی سے مل رہا تھا لہٰذا بھولے کا کیس کمزور ہوتے ہوئے جانے کس فائل میں دب گیا۔
اب بھولا ایک قاتل بدمعاش تھا جس نے اپنے چند دوستوں کو ساتھ ملا کر چھوٹا گینگ بنا لیا تھا۔ ورکشاپ میں کام کرنے اور روز اُستاد سے مار کھانے والے بھولے کو یہ زندگی راس آگئی۔ جو لوگ پہلے اسے گولیاں بکتے تھے اب اسے دیکھ کر سہمے نظر آتے تھے۔ بھتہ یا ”جگّا ٹیکس“ سے اسے اتنی رقم بھی ہر ماہ مل جاتی تھی کہ اس نے اپنی بہن کے لیے جہیز کا پورا ٹرک بھر دیا جبکہ اس کا سالا بھی اس کے گینگ کا اہم رکن بن چکا تھا۔ اس کے بعد بھولے نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اس نے ہر ناجائز اور دو نمبر کام کیا۔ قتل، ڈکیتی، قبضے، اغواء جواء غرض اس کے گینگ نے ہر وہ ناجائز کام کیا جس سے رقم اکٹھی ہوسکتی ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ اس نے اوپر والوں سے بنا کر رکھی۔ اس کے علاقے کا تھانیدار اس کا احسان مند تھا کیونکہ بھولا اعلیٰ کرپٹ افسروں سے ”دوستی“ رکھنے کے باوجود تھانیدار کو بھی معقول رقم بھیج دیتا تھا۔ آہستہ آہستہ وہ ”مین سٹریم“ کا حصّہ بن گیا اور زیرزمین دنیا میں اس کا نام گونجنے لگا۔ بھولے نے اپنی داستان سنانے کے بعد پھر اس بات پر اصرار کیا کہ اسے اس راستے پر لانے والے یہی لوگ ہیں جو اب اس کے ڈر سے ہر ماہ بھتہ کی رقم بھیجتے ہیں۔ اگر اسے محنت مزدوری کرنے پر گالیاں نہ بکی جاتیں اور ہر کوئی آتے جاتے تھپڑ رسید کرنا اپنا فرض نہ سمجھتا تو شاید وہ آج بھی محنت مزدوری کرکے اپنے گھر والوں کا پیٹ پال رہا ہوتا۔ بھولے نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا۔ اگر روز آخرت مجھ سے کسی نے کہا کہ حساب دو تو میں کہوں گا میرا حساب معاشرے کے ان عزت داروں سے لیا جائے جنہوں نے مجھے گناہوں کی دلدل میں دھکیلا۔ بھولے اور میرے دلائل اپنی جگہ کہ ہمارے نظریات واضح طور پر آپس میں ٹکراتے ہیں لیکن سچ یہی ہے کہ اس روز بھولے کے ڈیرے سے اُٹھتے وقت میں سوچ رہاتھا کہ جانے ہم ورکشاپوں پر کام کرنے والے ایسے کتنے ”چھوٹوں“ کے بھولے سے ”بھولا بادشاہ“ بننے کے ذمّہ دار ہیں جن کی بہنیں جہیز کی ڈیمانڈ پوری نہ ہونے کی وجہ سے گھر بیٹھی رہ جاتی ہیں اور وہ ہمیشہ کی طرح آج بھی گالیاں، جھڑکیاں اور چند تھپڑ دامن میں سمیٹے بھوکے پیاسے گھر جانے پر مجبور ہیں۔

Copyright © The Journalist Today

کچھ صاحب تحریر کے بارے میں

سید بدر سعید
سید بدر سعید
سید بدر سعید تحقیقاتی صحافی اور پبلک ریلیشنگ ایکسپرٹ ہیں . تین کتب "خود کش بمبار کے تعاقب میں" ، "صحافت کی مختصر تاریخ قوانین و ضابطہ اخلاق" اور "جرائم کی دنیا " کے مصنف ہیں .قومی اخبارات ٹی وی چینلز ، ریڈیو اور پبلک ریلیشنگ میڈیا سیل کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں . صحافت میں پی ایچ ڈی اسکالر ہیں . پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہونے کے علاوہ مختلف ادبی و صحافتی تنظیموں کے عہدے دار رہے ہیں جبکہ لاہور پریس کلب کے رکن ہیں . متعدد ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں .

دیگر مصنفین کی مزید تحاریر

محکمہ زراعت کا خوفناک...

اب تک سنتے آئے تھے کہ پراپرٹی میں بہت فراڈ ہوتا ہے ۔ طاقتور مافیا...

مزاحمتی شاعری اور ہماری ذہنی حالت

شاعری شاید لطیف جذبات کی عکاس ہے یا پھر انسانی جبلت کی لیکن شاعری میں ایسی باتیں کہہ دی جاتی ہیں جو عام انسانی...

ہمارے نمک میں اثر کیوں نہیں

پاکستان اور افغانستان کا آپسی تعلق لو اینڈ ہیٹ جیسا ہے یعنی ایک دوسرے کے بغیر رہ بھی نہیں سکتے اور ایک دوسرے کے...

محکمہ زراعت کا خوفناک پراپرٹی سکینڈل !

اب تک سنتے آئے تھے کہ پراپرٹی میں بہت فراڈ ہوتا ہے ۔ طاقتور مافیا غریب شہریوں کو لوٹ لیتا ہے ، کہیں کاغذات...

پاکستان کا موجودہ سیاسی کھیل

پاکستان کے سیاسی گراونڈ میں اس وقت بہت ہی دلچسپ کھیل جاری ہے، ایک وقت تھا کہ سب یہ سوچ رہے...

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

یہ بھی پڑھئے

مزاحمتی شاعری اور ہماری ذہنی...

شاعری شاید لطیف جذبات کی عکاس ہے یا پھر انسانی جبلت کی لیکن شاعری میں ایسی باتیں کہہ دی...

ہمارے نمک میں اثر کیوں...

پاکستان اور افغانستان کا آپسی تعلق لو اینڈ ہیٹ جیسا ہے یعنی ایک دوسرے کے بغیر رہ بھی نہیں...

محکمہ زراعت کا خوفناک ...

اب تک سنتے آئے تھے کہ پراپرٹی میں بہت فراڈ ہوتا ہے ۔ طاقتور مافیا غریب شہریوں کو لوٹ...

پاکستان کا موجودہ سیاسی کھیل

پاکستان کے سیاسی گراونڈ میں اس وقت بہت ہی دلچسپ کھیل جاری ہے، ایک وقت تھا کہ...

نئی حکومت عوام دشمن بجٹ بنانے پر مجبور … معاشی ماہرین پریشان!

پاکستان میں انتخابات کا عمل مکمل ہو چکا ہے . اب حکومت کسی کی بھی بنے سب سے اہم سوال یہ ہے کہ نئی...

بیوی کو طلاق کی دھمکی دے کر اپنی ساس سے زیادتی و نازیبا ویڈیو بنا نے کا انکشاف!

قصور میں ایک بار پھر ایسا واقعہ رونما ہوا ہےجس نے انسانیت کو شرمندہ کر دیا ہے . ایک خاتون کے مطابق اس کا...

سسر نےبیٹوں کے ساتھ مل کر اپنے ہی داماد کو نامرد بنا دیا !

پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں سسر نے اپنے داماد کا نازک عضو کاٹ کر اسے نامرد بنا دیا . تفصیلات کے...

جعلی رسیدیں دیں؟چیئرمین پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ بشری بی بی پر 420 کا مقدمہ درج !

چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے خلاف شہری نسیم کی مدعیت میں تھانہ کوہسار اسلام آباد میں فراڈ اور دھوکہ...

میرے والد کو چیئرمین PTIکے ایما پر قتل کیا گیا ۔دہشت گردی اور قتل کا مقدمہ درج!

سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین کے خلاف کوئٹہ کے تھانے شہید جمیل کاکڑ میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا...

ایف آئی آر کٹواتے وقت کن باتوں کا خیال رکھیں ..ایسی معلومات جوشہری کے لیے ضروری ہیں !

ایف آئی آر، فرسٹ انفارمیشن رپورٹ کا مخفف ہے جسے اردو میں ابتدائی اطلاعی رپورٹ بھی کہتے ہیں۔ قانون کے مطابق کسی جرم ہونے...