اسلام آباد (شوبز رپورٹر)پاکستان ٹیلی ویژن نے ہمیشہ ایسے مزاحیہ پروگرام تخلیق کئے ہیں جنہیں ناظرین نے پسندیدگی کی سند دی وہ چاہے عطا الحق قاسمی کا ”شب دیگ“ انور مقصود کا ”آنگن ٹیڑھا“،کمال احمد رضوی کا ’الف نون“ہو ڈاکٹر یونس بٹ کا ”فیملی فرنٹ“ہو یا مشہور زمانہ ”ففٹی ففٹی“دہائیوں پہلے بنے ہوئے پی ٹی وی کے مزاحیہ ڈامے آج بھی ناظرین کو یاد ہیں۔پی ٹی وی آج بھی اپنے شستہ اور فیملی مزاح کے معیار پر قائم ہے
خالد عباس ڈار 36 سال بعد پی ٹی وی کے کسی ڈرامے میں اداکاری کر رہے ہیں
پی ٹی وی ہوم اسلام آباد سنٹر سے نئی سہہ ماہی میں شروع ہونے والی مزاحیہ ڈرامہ سیرل ”آوے کا آوا“ ایک سچویشنل کامیڈی ڈرامہ سیریل ہے جو گاؤں کی ایک فیملی کی کہانی ہے جس کا سربراہ خالد عباس ڈار اپنے بیوقوف بیٹے نواز انجم اور اپنی لالچی بیوی ثنابٹ کو ہر روز کسی نہ کسی بے قوفی اور لالچ سے باز رکھنے کی کوشش کرتا ہے حادثاتی طور پر انہیں اپنے ہی پرانے مکان سے خزانہ مل جاتا ہے وہ خزانہ ملنے پر گاؤں میں رہنے کی بجائے شہر کا رخ کرتے ہیں۔
اس کامیڈی سیریل میں نہ صرف صاف ستھرا مزاح دیکھنے کو ملے گا بلکہ واقعاتی اور مزاحیہ اداکاروں کی مکالماتی کامیڈی سے ناظرین لطف اٹھائیں گے۔یہ کامیڈی ڈرامہ سیریل ان ناظرین کے لئے ایک تحفہ ہے جو مزاح اور تفریح دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس سیریل کی خاص بات عالمی شہرت یافتہ اداکار خالد عباس ڈار چھتیس سال کے بعد پی ٹی وی کے کسی ڈرامہ میں جلوہ گر ہو رہے ہیں .اس کے لکھاری معروف مزاح نگار کے ایم خالد اور اس کے پروڈیوسر سید حیدر علی ہیں۔یہ کامیڈی سیریل ہر جمعہ اور منگل شام چھ بجکر بیس منٹ پر پیش کی جائے گی۔